اسلامی تاریخ و تہذیب پر بحث و تحقیق کی روایت صرف مسلمانوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ صدیوں سے غیر مسلم مفکرین بھی اس موضوع پر اپنی آراء پیش کرتے آئے ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں گروہ مستشرقین (Orientalists) کا ہے جنہوں نے مشرقی تہذیب، ادیان اور لٹریچر کو اپنی تحقیق کا موضوع بنایا۔ ان کا بنیادی مرکزِ توجہ اسلام اور اسلامی علوم رہے، کیونکہ یورپ کی سیاسی و نوآبادیاتی فتوحات نے انھیں اس بات پر مجبور کیا کہ وہ مسلمانوں کے دینی و فکری سرمائے کو سمجھیں۔ تاہم، ان مطالعات میں غیر جانبداری کی بجائے اکثر اوقات سیاسی مقاصد، نوآبادیاتی عزائم اور مذہبی تعصبات کارفرما رہے۔ قرآنِ کریم، سیرتِ رسول ﷺ اور اسلامی تاریخ کے اہم واقعات کو مستشرقین نے اپنی عینک سے دیکھا اور ان کی تعبیرات کو یورپی فکری روایت اور استعماری ایجنڈے کے تابع کر دیا۔ یوں غزوۂ بدر جیسے عظیم تاریخی واقعے کو بھی ان کی تحریروں میں محض ایک قبائلی جھڑپ یا طاقت کے حصول کی جنگ قرار دیا گیا۔
دوسری جانب، جدید دور میں ایک اور فکری گروہ سامنے آیا جسے ہم ملحدین (Atheists) کے نام سے جانتے ہیں۔ یہ لوگ کسی بھی ماورائی حقیقت، الٰہیات اور وحی کے وجود کے منکر ہیں۔ ان کی فکری اساس مذہب دشمنی اور مادیت پرستی پر مبنی ہے۔ لہٰذا جب وہ اسلام اور اس کی تاریخ پر گفتگو کرتے ہیں تو ان کا زاویۂ نگاہ خالصتاً انکارِ خدا اور انکارِ وحی پر استوار ہوتا ہے۔ وہ ہر دینی واقعے کو محض معاشی، سماجی یا سیاسی اسباب کے تناظر میں دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یوں مستشرقین اور ملحدین دونوں نے اپنی اپنی فکری بنیادوں پر اسلامی تاریخ کو موضوعِ بحث بنایا، لیکن ان کے تجزیات اور تعبیرات میں ایک واضح تعصب اور یک رُخی نمایاں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ غزوۂ بدر جیسے عظیم الشان واقعے کو سمجھنے کے لیے ان کی آراء کا ناقدانہ مطالعہ ناگزیر ہے تاکہ حقیقت اور تعبیر کے درمیان فرق واضح کیا جا سکے۔
ملحدین کا نظریہ:
ملحدین کا ماننا ہے کہ غزوہ بدر دراصل اس وقت برپا ہوا جب مسلمان ابو سفیان کے پرامن تجارتی قافلے کو لوٹنے نکلے، اور چونکہ یہ اقدام زیادتی پر مبنی تھا، اس لیے کفارِ قریش نے محض دفاع اور انتقام کے جذبے کے تحت مسلمانوں پر چڑھائی کی۔ اس بیانیے کو وہ بار بار دہراتے ہیں اور یہی باور کرانے کی کوشش کرتے ہیں کہ اصل جارح فریق مسلمان تھے۔
لیکن حقائق پر غور کرنے سے واضح طور پر معلوم ہوتا ہے کہ ملحدین کا یہ موقف حقیقت سے یکسر متصادم ہے۔ ملحدین کی روش یہ رہی ہے کہ وہ اسلامی واقعات کو ان کے مکمل تاریخی پس منظر سے کاٹ کر پیش کرتے ہیں، محض ایک سطحی تصویر دکھاتے ہیں اور پھر اپنی مرضی کے عنوانات کے ساتھ اسے رنگ دیتے ہیں۔ پس منظر، محرکات اور حالاتِ زمانہ ان کی تحریروں سے قصداً غائب کر دیے جاتے ہیں۔ یہی طرزِ فکر انہوں نے غزوہ بدر کے بارے میں بھی اختیار کیا۔
پس منظر:
کیا یہ نظر انداز کیا جاسکتا ہے کہ ہجرتِ مدینہ سے قبل مکہ میں تیرہ برس تک مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے؟ ان پر معاشرتی بائیکاٹ مسلط کیا گیا، بھوک و پیاس میں شعبِ ابی طالب کی گھاٹیوں میں قید رکھا گیا، اہل ایمان کو بازاروں میں گھسیٹا گیا، بعض کو قتل کیا گیا اور اکثر کو مجبوراً اپنا وطن، گھر بار اور مال و متاع چھوڑ دینا پڑا۔ حبشہ کی طرف ہجرت اسی جبر کا نتیجہ تھی، پھر مدینہ کی طرف ترکِ وطن کرنا پڑا۔ حتیٰ کہ مدینہ پہنچنے کے بعد بھی سکون نصیب نہ ہوا۔ کفارِ مکہ نے مدینہ پہنچنے والے مسلمانوں کو بھی چین سے نہ بیٹھنے دیا۔ ان کے غیظ و غضب میں اور اضافہ ہوا کہ یہ جماعت اب ان کی گرفت سے آزاد ہو کر ایک نئے مرکز میں منظم ہو گئی ہے۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے مدینہ میں موجود سردار عبد اللہ بن اُبی کو خط لکھا اور دو ٹوک دھمکی دی: یا تو محمد ﷺ کو اپنے درمیان سے نکالو، یا پھر ہم اپنی تمام طاقت کے ساتھ تم پر حملہ آور ہوں گے، تمہارے جوانوں کو قتل کریں گے اور عورتوں کی عزت کو پامال کریں گے۔ عبد اللہ بن اُبی اور اس کے مشرک رفقاء تقریباً آمادہ تھے کہ اس حکم کی تعمیل کر بیٹھیں، لیکن نبی اکرم ﷺ نے حکمت و بصیرت کے ساتھ اس سازش کو ناکام بنایا۔
معاشی دباؤ اور قریش کی جارحیت:
یہی نہیں، قریش نے بارہا مسلمانوں کو دھمکایا اور تجارتی راستوں کو بطور ہتھیار استعمال کیا۔ حضرت سعد بن معاذؓ کا واقعہ اس کی روشن مثال ہے کہ مکہ میں عمرہ کی ادائیگی کے دوران ابو جہل نے انہیں دھمکایا کہ اہل مدینہ نے مسلمانوں کو پناہ دے کر قریش کی دشمنی مول لی ہے، اور اگر ابو صفوان (امیہ) ان کے ساتھ نہ ہوتا تو وہ کبھی سلامت نہ پلٹتے۔ جواباً حضرت سعد نے اعلان کیا کہ اگر ہمیں بیت اللہ کے طواف سے روکا گیا تو اہل مدینہ تمہاری تجارتی شاہراہ روک دیں گے۔ یعنی قریش کی اصل طاقت تجارت تھی اور وہی ان کی کمزوری بھی۔
ملحدین ان چھوٹے چھوٹے فوجی دستوں کو لوٹ مار کی مہمات قرار دیتے ہیں۔ لیکن تاریخ کے ریکارڈ سے واضح ہے کہ یہ “سرایا” دراصل اطلاعاتی اور حفاظتی مہمات تھیں۔ ان میں اکثر صرف دس سے بارہ افراد شامل ہوتے، جو کہ کسی بڑے حملے کے لیے ناکافی تھے۔ ان دستوں کا مقصد یہ تھا کہ:
1. مدینہ کے گرد و نواح اور خاص طور پر مکہ کی شاہراہ پر کڑی نظر رکھی جائے۔
2. دشمن کو اس کے غیر ضروری طیش کے ممکنہ نتائج سے خبردار کیا جائے۔
3. اردگرد کے قبائل کو یہ باور کرایا جائے کہ مدینہ کی ریاست اب کمزور نہیں رہی بلکہ اپنی دفاعی حکمت عملی رکھتی ہے۔
ابو سفیان کا قافلہ:
ملحدین نے یہ تصور عام کرنے کی کوشش کی کہ مسلمانوں نے ایک پرامن تجارتی قافلے کو لوٹنے کی کوشش کی جو انتہائی سطحی موقف ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ نبی اکرم ﷺ کا مقصد ان کفار کو ڈرانا تھا کہ اگر وہ اپنے مذموم مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹتے تو مسلمانوں ان کی تجارتی گزرگاہ بند کرکے ان کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔ مسلمانوں کا خیال یہ تھا کہ اس خوف سے مشرکین مکہ ظلم و ستم اور سازشوں سے باز آکر مسلمانوں کو چین سے جینے دیں گے لیکن اللہ تعالیٰ کو کچھ اور منظور تھا۔ دوسری بات یہ ہے کہ اسلام نے کبھی بھی لوٹ مار کی اجازت نہیں دی بلکہ اس سے سختی سے روکا۔ خیبر کے موقع پر جب کچھ افراد نے امن قائم ہونے کے بعد یہودیوں کے جانور اور پھل لے لیے، تو آپ ﷺ کو سخت غصہ آیا اور آپ نے اعلان کیا کہ “یہ جائز نہیں کہ اہل کتاب کے گھروں میں گھس کر ان کی چیزیں لی جائیں، جب کہ وہ اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہوں۔ اسی طرح ایک اور موقع پر آپ ﷺ نے لوٹے گئے جانوروں کا گوشت ہانڈیوں سے الٹوا دیا اور فرمایا کہ لوٹ کا مال مردار کے برابر ہے۔
غزوۂ بدر سے متعلق کارل بروکلمان کی رائے:
مستشرقین کی علمی روایت میں کارل بروکلمان (Carl Brockelmann) ایک اہم نام ہے۔ وہ مشہور جرمن مستشرق تھیوڈر نولدیکے (Theodor Nöldeke, م 1930) کے قابل شاگرد تھے۔ انہوں نے مشرقی اسلامی علوم میں عمیق مطالعہ کیا اور بالخصوص اسلامی تاریخ و تمدن پر تحقیقی کام کو آگے بڑھایا۔ بروکلمان کی شہرہ آفاق تصنیف History of the Islamic Peoples اسلامی تاریخ کے مختلف ادوار کو محیط ہے جس میں انہوں نے رسول اکرم ﷺ کی مکی و مدنی زندگی کے ساتھ ساتھ اسلام کے نظریاتی و عملی پہلوؤں پر بھی بحث کی۔ تاہم ان کی تحریر میں جہاں ایک طرف علمی کاوش ملتی ہے وہیں دوسری طرف استشراقی منہجِ فکر کی وہی روش بھی دکھائی دیتی ہے جو کئی مواقع پر اسلام کی اصل روح کو مسخ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
بروکلمان نے اپنی کتاب میں مکی دور کے حوالے سے بعض سطحی اور محلِ نظر آراء قائم کیں، مثلاً تاریخِ ولادتِ رسول ﷺ پر اعتراضات، وحی و نبوت پر بے بنیاد شکوک، قرآن کی کاملیت پر شبہات اور یہود و نصاریٰ سے اخذ و استفادہ کے الزامات۔ اسی طرح مدنی دور کے ضمن میں بھی انہوں نے چند تاریخی واقعات کو غلط رنگ میں پیش کیا، مثلاً اوس و خزرج کی کشمکش کو نبوت کی بنیاد قرار دینا، یہود کو قریب کرنے کے الزام میں اسلام کے اساسی اصولوں سے انحراف کا دعویٰ اور بنو قینقاع، بنو نضیر کی جلاوطنی اور صلح حدیبیہ جیسے واقعات کی تحریف وغیرہ۔
تاہم ان سب کے باوجود غزوۂ بدر کے متعلق ان کی رائے ایک منفرد پہلو کی حامل ہے۔ بروکلمان لکھتے ہیں:
The obedience and discipline they had acquired in their daily communal religious exercise won a victory over the numerically superior yet undisciplined Meccans.
یعنی مسلمانوں نے وہ اطاعت اور نظم و ضبط، جو انہوں نے اپنی روزمرہ اجتماعی مذہبی مشقوں کے ذریعے حاصل کیا تھا، اس کی بدولت اہلِ مکہ کو شکست دی جو اگرچہ تعداد میں زیادہ تھے مگر غیر منظم تھے۔
بروکلمان کے نزدیک غزوۂ بدر کی فتح کا اصل راز یہ تھا کہ جس طرح مسلمان اپنے نبی ﷺ کی اقتدا میں نماز ادا کرتے تھے، اسی طرح وہ اجتماعی اور معاشرتی زندگی میں بھی ان کی کامل پیروی کرتے تھے۔ یہ ہم آہنگی اور اجتماعی نظم مسلمانوں کو ایک مضبوط اور مربوط جماعت کی صورت میں ابھارتی تھی اور یہی وہ عنصر تھا جس نے تین سو تیرہ کے چھوٹے لشکر کو ایک ہزار کے لشکر پر غالب کر دیا۔
یہ تجزیہ اپنی جگہ دلچسپ ضرور ہے مگر حقیقت میں انتہائی سطحی اور یک رُخی ہے۔ فتحِ بدر کو محض دنیاوی اسباب یا انسانی نظم و ضبط تک محدود کر دینا درست نہیں۔ قرآنِ کریم نے صراحت کے ساتھ یہ اعلان کیا ہے کہ:
وَلَقَدْ نَصَرَكُمُ اللّٰهُ بِبَدْرٍ وَّأَنْتُمْ أَذِلَّةٌ(آلِ عمران: 123)
"اور بے شک اللہ نے بدر میں تمہاری مدد کی حالانکہ تم کمزور تھے۔"
یعنی بدر کی کامیابی دراصل محض تدبیری عوامل کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کی نصرت و تائید کا مظہر تھی۔ اگرچہ نظم و ضبط اور قیادت کی اطاعت ہر کامیاب جماعت کے لیے بنیادی شرط ہے، لیکن اسلام کی تاریخ میں فتح کو ہمیشہ ظاہری اسباب اور الٰہی نصرت کے امتزاج سے سمجھا گیا ہے۔
بروکلمان کا یہ کہنا کہ جماعت کی اطاعتِ امام اور اجتماعی نظم و ضبط انہیں غلبہ دلا سکتا ہے، بظاہر درست بات لگتی ہے۔ تاہم یہ رائے حقیقت کے ایک جز پر اکتفا ہے اور بدر جیسے عظیم معرکے کو محض "سوشیالوجیکل ڈسپلن" کے کھاتے میں ڈال دینا حقائق کی تحریف ہے۔ درحقیقت بدر کی فتح کا حقیقی راز ایمان باللہ، نبی اکرم ﷺ کی قیادت، شہادت کے شوق اور اللہ تعالیٰ کی غیبی تائید میں مضمر تھا۔ یہی وہ پہلو ہے جسے مستشرقین عموماً نظرانداز کرتے ہیں اور اسی کا ادراک مسلم فکر کو باقی دنیا سے ممتاز کرتا ہے۔
مونٹگمری واٹ کی تعبیر:
W. Montgomery Watt کے مطابق غزوۂ بدر کی کامیابی ایک کثیر الاسباب واقعہ ہے جس میں معنوی سرمایہ (ایمان، یقینِ آخرت)، تنظیمی عوامل (اطاعتِ قائد، نظم و ضبط)، اور حریف کی داخلی کمزوریاں بیک وقت کارفرما دکھائی دیتی ہیں۔ واٹ کے نزدیک نتیجہ محض عددی تقابل کا نہیں بلکہ اجتماعی مرال بمقابلہ داخلی انتشار کا تھا۔
1) قریش کی صفوں میں داخلی شکستگی اور عددی کمی:
واٹ کی فکر میں قریش پہلے ہی اندرونی اختلافات کا شکار تھے، ان کی نامیاتی قوتِ لشکر—جو ابتدا میں قرابتاً ۹۵۰ بتائی جاتی ہے—عملاً ۶۰۰ تا ۷۰۰ تک سمٹ آئی۔ مزید یہ کہ ان میں سے ایک قابلِ ذکر حصہ ابوجہل کی سخت گیر پالیسی کا قلبی حامی نہ تھا۔ اس پر مستزاد تکبر اور حد سے بڑھی ہوئی خود اعتمادی نے ان کی جنگی بصیرت کو مسخ کیا اور میدان میں فیصلہ سازی کی یکسوئی کو مجروح کیا۔
2) مسلمانوں کا معنوی مرال اور قیادت کا عنصر:
اس کے مقابلے میں مسلمانوں کی قوتِ کار ایمانِ راسخ اور یقینِ آخرت سے پھوٹی جس نے انہیں غیر معمولی جرات و ثباتِ قدم عطا کیا۔ واٹ واضح کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کا اعتماد اور عزم لشکر کے لیے مرال ملٹی پلائر ثابت ہوا، اور آپ ﷺ کی بہترین قیادت نے جنگی ترتیب و تنظیم (command and control) کو اس سطح پر استوار کیا کہ عددی کمی عملی برتری میں حائل نہ بن سکی۔ یوں نظمِ اجتماعی اور قیادت کی یکجائی نے مسلمانوں کو حربی برتری (tactical superiority) فراہم کی۔
3) عسکری اہلیت کے متعلق منہجی احتیاط:
واٹ اس دعوے کو موضوعِ نقد بناتے ہیں کہ انصار فطری طور پر قریش سے جنگی صلاحیت میں برتر تھے۔ ان کے مطابق" فلاں مشرک کو فلاں مسلمان نے قتل کیا" جیسی فہرستیں سورس-کریٹیکل پیمانے پر پوری طرح قابلِ اعتماد نہیں، خاص طور پر حضرت علیؓ اور حضرت حمزہؓ کے ساتھ منسوب "زیادہ تعداد" کو وہ مبالغہ قرار دیتے ہیں۔ مجموعی تاثر ان کے نزدیک یہ ہے کہ مدینہ کے کسان جنگی مہارت کے اعتبار سے مکہ کے تاجروں پر کوئی نمایاں فطری سبقت نہ رکھتے تھے۔ مزید قرائن میں قریش کے مقتولین میں عمر رسیدگی اور تشنگی کے سبب ضعف بھی شامل ہیں، جو ان کی کارکردگی پر اثر انداز ہوا۔
4) مہاجرین کی شرکت: کم تعداد، بھرپور کردار:
واٹ نوٹ کرتے ہیں کہ اگرچہ مہاجرین عددی طور پر انصار کا تقریباً ایک تہائی تھے، تاہم میدانِ کارزار میں ان کی شرکت بھرپور رہی؛ یعنی لڑاکا کردار تناسب سے بڑھ کر نمایاں ہوا، جس نے مجموعی کارکردگی میں وزن ڈالا۔
5) نظم و مرال بمقابلہ انتشار و غرور:
واٹ کے استدلال کا حاصل یہ ہے کہ بدر میں مسلمانوں کی برتری "فطری عسکری تفوق" کے بجائے اخلاقی-نفسیاتی توانائی (ایمان، یقینِ آخرت)، قائدانہ بصیرت اور تنظیمی انضباط کے اشتراک سے برآمد ہوئی؛ جبکہ مقابل جانب کی عدد میں برتری اس کے انتشاری مزاج، داخلی اختلافات اور غرورِ بےجا کے ہاتھوں زائل ہوگئی۔ یعنی واٹ کی تعبیر ایک سوشیالوجیکل-سٹریٹجک فہم پیش کرتی ہے جس میں اطاعتِ قائد، نظمِ جماعت اور معنوی مرال فیصلہ کن عناصر ٹھہرتے ہیں اور بدر کی کامیابی کو انہی متغیرات کے امتزاج سے سمجھا جاتا ہے۔
ایک دوسرا پہلو:
دوسری طرف یہ واضح حقیقت ہے کہ مستشرقین نے تاریخِ اسلام کے متعدد مراحل میں نبی اکرم ﷺ کی سیرت و کردار کے ایسے پہلوؤں کو ابھارنے کی کوشش کی ہے جن سے ان کے نزدیک آپ ﷺ کو "جنگ طلب"، "پرتشدد" یا "سیاسی عسکریت" کا نمائندہ دکھایا جا سکے۔ ان معرکوں میں انہوں نے غزوۂ بدر کو خاص طور پر نشانہ بنایا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ مسلمانوں کی ابتدائی عسکری تاریخ میں بدر ایک ایسا نقطہ تھا جسے خود اسلامی روایات نے بھی عظیم الشان کامیابی اور فیصلہ کن معرکہ قرار دیا ہے۔ چنانچہ مستشرقین نے انہی روایات کو اپنی تعبیرات کے لیے بطور "متنِ استشراقی سرمایہ" استعمال کیا اور بدر کو نبی اکرم ﷺ کی شخصیت پر جنگجوئی کا سایہ ڈالنے کا ذریعہ بنایا۔
1) بدر کی تقدیس اور اس کا استشراقی استعمال:
اسلامی مصادر میں بدر کو عظمت اور تقدیس کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ قولِ نبوی ﷺکے مطابق اہلِ بدر پر اللہ کی خصوصی نظر کرم ہوئی اور ان کے لیے جنت واجب قرار دی گئی۔
مگر مستشرقین نے اسی تقدیس کو الٹ زاویے سے برتا۔ ان کے نزدیک یہ تقدیس محض ایک جنگی دھوکہ تھا جس کے ذریعے نبی اکرم ﷺ نے اپنے ساتھیوں میں "جہادی عزم" اور "مسلح تشخص"کو راسخ کیا۔
2) مدینہ میں اثرات اور مخالفین کی شکستگی:
ابنِ ہشام نے واضح کیا کہ فتحِ بدر نے مدینہ کے یہود، منافقین اور غیر مسلم طبقات کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا، حتیٰ کہ مکہ میں شکست کی خبر لانے والا بھی ناقابلِ یقین سمجھا گیا۔ واقدی کے مطابق یہ کامیابی مدینہ کے ہر یہودی اور منافق پر غالب آئی اور کفر و ایمان کے درمیان خطِ فاصل بن گئی۔
اسلامی مصادر کی یہ تعبیرات دراصل فتح کے دینی و نفسیاتی اثرات کو نمایاں کرتی ہیں، مگر مستشرقین نے انہی کو "سیاسی عسکری برتری"اور "حاکمانہ جبر"کے مظاہر کے طور پر پیش کیا، گویا کہ یہ جنگ ایک مسلط کردہ مذہبی عسکریت کی ابتدا تھی۔
3) جنگ کے اسباب: روایتی تعبیر اور استشراقی تناظر:
اسلامی مصادر میں جنگ بدر کے اسباب سادہ بیانیہ کے ساتھ آتے ہیں۔ طبری کے مطابق آپ ﷺ کو قریش کے قافلے کی خبر ملی تو آپ ﷺ نے ساتھیوں سے مشورہ کیا اور قافلے کے مال و اسباب پر قبضہ کرنے کی غرض سے مدینہ سے نکلے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی واضح ہے کہ قافلے کے بجائے ایک بڑے لشکر کی آمد نے معاملے کو جنگ میں بدل دیا۔مستشرقین نے اس روایت کو بنیاد بنا کر یہ استدلال گھڑا کہ نبی اکرم ﷺ کا اصل مقصد "مالِ غنیمت" تھا۔قریش سے مسلح تصادم ایک "ابتدائی جارحیت" کی شکل اختیار کر گیا،بدر کی جنگ دراصل ایک "اقتصادی غارت"سے شروع ہوئی جو مذہبی تقدیس کے پردے میں عسکریت میں ڈھل گئی۔یوں وہ بدر کے پسِ منظر کو مذہبی ضرورت کے بجائے معاشی محرکات کی کڑی قرار دیتے ہیں۔
4) استشراقی بیانیہ اور علمی چیلنج:
ویکٹورین عہد کے مستشرقین—جیسا کہ مونٹگمری واٹ، ویلیم میور اور اسپرینگر—نے بدر کو سیرتِ نبوی ﷺ کے اندر ایک ایسی علامتی جنگ کے طور پر بیان کیا جس نے " رسول اللہ ﷺ کو ایک مذہبی داعی" سے بڑھ کر "سیاسی عسکری لیڈر" کی حیثیت میں پیش کیا۔ ان کے نزدیک بدر کے ذریعے اسلام نے اپنے لیے تشدد کو بطورِ حکمتِ عملی جائز بنا لیا۔
تاہم یہ تعبیر نہ صرف سورس-کریٹیکل کمزوریوں سے دوچار ہے بلکہ اسلامی بیانیے کے اندر بدر کی روحانی و اخلاقی جہت کو یکسر نظر انداز کرتی ہے۔ بدر کو محض "مالِ غنیمت"یا "سیاسی عسکریت" کا مظہر سمجھنا ایک تاریخی یک رُخاپن ہے، جو سیرتِ نبوی ﷺ کی کُلّیت سے انحراف کرتا ہے۔ یعنی ہم کہہ سکتے ہیں کہ غزوۂ بدر کی تفہیم میں مستشرقین نے شعوری طور پر اسلامی مصادر کی تقدیس کو عسکریت کے بیانیے میں ڈھالنے کی کوشش کی۔ ان کے لیے یہ معرکہ وہ بنیاد تھا جس پر نبی اکرم ﷺ کی شخصیت کو "جنگجو" اور "پرتشدد" قائد کے طور پر تراشا جا سکتا تھا۔ لیکن علمی سطح پر یہ سوال بدستور قائم ہے کہ کیا بدر کو محض "معاشی لوٹ مار" اور "تشدد کی ابتدا"کہنا درست ہے، یا اسے ایمان، قیادت اور دفاعی ضرورت کے امتزاج میں دیکھنا زیادہ معقول اور تاریخی حقیقت کے قریب ہے؟
اصل محرکات اور استشراقی بیانیہ:
غزوہ بدر کی اصل حقیقت اور اس کے محرکات کو اسلامی مصادر نے نہایت وضاحت کے ساتھ بیان کیا ہے۔ لیکن مستشرقین نے انہی بیانات کو اپنے استشراقی منہج کے مطابق نئی معنویت عطا کی اور نبی اکرم ﷺ کی شخصیت کو جنگ طلب، متشدد اور انتقام پر آمادہ دکھانے کی کوشش کی۔ مستشرقین کا ایک اہم دعویٰ یہ رہا ہے کہ جنگِ بدر میں مسلمانوں کا مقصد صرف قریش کے تجارتی قافلے پر قبضہ کرنا اور مالِ غنیمت حاصل کرنا تھا۔ لیکن اسلامی مصادر اور خود مستشرقین کے اعترافات میں ایسے شواہد پائے جاتے ہیں جو اس دعوے کی کمزوری کو بے نقاب کرتے ہیں۔
مثال کے طور پر ایک واقعہ بیان کیا جاتا ہے کہ ایک نوجوان کے ہاتھ میں محض چند کھجوریں تھیں۔ اس نے انہیں دشمن کی طرف پھینکتے ہوئے فرمایا کہ "یہ مجھے جنت میں ملیں گی"، پھر وہ شجاعت کے ساتھ قریش کی صفوں میں گھس گیا اور بالآخر شہید ہوگیا۔ اس قسم کے واقعات یہ واضح کرتے ہیں کہ مسلمانوں کے لیے اصل محرک مالِ غنیمت نہیں تھا بلکہ اللہ کی رضا، دین کی بقا اور شہادت کی آرزو تھی۔
اگرچہ بعض مستشرقین مسلمانوں کی بہادری کا اعتراف کرتے ہیں، تاہم وہ اپنے بنیادی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹتے۔ مویر اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ محمد ﷺ کے نزدیک اصل "غنیمت" اتنے بڑے لشکر پر فتح تھی۔ ڈریکاٹ مزید وضاحت کرتا ہے کہ مسلمان جانباز شہادت کی آرزو میں جیتے تھے، اور ہر کوئی چاہتا تھا کہ وہ اُن اولین افراد میں شامل ہو جن کا خون اللہ کی راہ میں بہے۔ اس کے باوجود یہ مصنفین عمومی بیانیے کو یہیں محدود رکھتے ہیں کہ مسلمانوں کی جنگی جدوجہد کی جڑیں مالِ غنیمت اور انتقام میں پیوست ہیں۔
ابتدائی تصور:
تاریخِ طبری ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہؓ ابتدا میں قریش کے قافلے کو ایک آسان ہدف سمجھتے تھے اور کسی بڑی جنگ کی توقع نہیں رکھتے تھے۔ یہی تصور قرآن مجید میں بھی سورۂ انفال میں آیا ہے کہ مسلمانوں کی خواہش قافلے کے مال و اسباب پر قبضہ کرنے کی تھی، لیکن اللہ نے چاہا کہ ایک فیصلہ کن معرکے کے ذریعے حق کو غالب کرے اور کفر کی جڑ کاٹ دے۔
یہی پس منظر مستشرقین کی تحریروں میں بنیاد بنا۔ ان کے نزدیک جنگ بدر محض ایک "غنیمت طلب مہم" تھی جس نے اچانک ایک بڑے معرکے کی شکل اختیار کر لی۔
استشراقی تعبیر: لوٹ مار اور حرص:
ولیم مویر نے اپنے استعماری اور تبشیری رجحان کے زیرِ اثر یہ دعویٰ کیا کہ بدر کے پیچھے اصل محرک قریش کے تجارتی قافلے کی دولت تھی۔ اس کے مطابق "عرب میں لوٹ مار اور مہم جوئی کی بجھ نہ سکنے والی پیاس" ہی تھی جس نے مہاجرین و انصار کو محمد ﷺ کے گرد جمع کر دیا۔
بعض مستشرقین کے مطابق نبی اکرم ﷺ کی مدنی زندگی ہی سے "شدت پسندی، تعصب اور خون ریزی" کا آغاز ہوا اور قافلے پر حملہ دراصل "خون خواہی اور حرص" ہی تھا۔جارج بون نے بھی یہی دعویٰ کیا کہ آپ ﷺ نے قافلے کو آسان شکار سمجھتے ہوئے حملہ کیا۔
یہ تمام تعبیرات دراصل اسلام کے دفاعی بیانیے کو مسخ کرنے اور جنگ بدر کو "مالی حرص"کا نتیجہ دکھانے کی کوشش ہیں جو حقائق سے یکسر مخالفت بیانیہ ہے۔
انتقام اور غصے کی توجیہ:
کچھ دیگر مستشرقین نے غزوۂ بدر کو "انتقام" کی صورت میں بیان کیا۔ چارلس میلز نے جنگ کے پسِ منظر میں مسلمانوں کے قریش سے انتقامی جذبات کو نمایاں کیا۔ڈریکاٹ نے بدر کو اہلِ مکہ سے حساب چکانے کا منصوبہ قرار دیا اور اسے اسلام کی دعوت کے ساتھ "جنگی تشخص" کے جُڑ جانے کا لمحہ کہا۔ اس کے مطابق بدر نے یہ مہر ثبت کر دی کہ "جنگ"اسلام کی تبلیغ کا ذریعہ بن گئی، اور اب تلوار مسلمان کے لیے "نورانی ہتھیار" تھی۔
بدر کے ماورائی عوامل اور مستشرقین کی نظراندازی:
اسلامی مصادر بدر کی فتح کو محض زمینی اسباب کا نتیجہ قرار نہیں دیتے بلکہ اس میں ماورائی نصرت الٰہی کو بنیادی حیثیت دیتے ہیں۔ قرآنِ مجید میں متعدد مقامات پر اللہ کی مدد، فرشتوں کی شرکت اور غیبی اسباب کا ذکر کیا گیا ہے۔مسلمانوں کو چشموں تک رسائی، بارش کے ذریعے زمین کی مضبوظی، قریش کے کیچڑ میں پھنسنے اور تیز ہوا کا رخ مسلمانوں کے حق میں ہونا—یہ سب عوامل اسلامی مآخذ میں ’’تائیدِ الٰہی‘‘ کے طور پر بیان کیے گئے ہیں۔لیکن مویر اور دیگر مستشرقین ان تمام پہلوؤں کو محض ’"زمینی حالات" یا محمد ﷺ کی حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔ مویر لکھتا ہے:
"بدر کا دن سرد اور ہوا والا تھا۔ محمد نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور یہ دعویٰ کیا کہ جبرائیل چند ہزار فرشتوں کے ساتھ اس کے لشکر کی مدد کے لیے آیا ہے۔"
ولیم مویر جنگِ بدر کے دوران ایک نہایت اہم واقعے کا ذکر کرتا ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے قریش کی طرف مٹھی بھر خاک پھینکی اور فرمایا کہ " یہ خاک ان کی آنکھوں کو اندھا کردے۔" اس کے فوراً بعد ایک طوفانِ شن برپا ہوا جس نے قریش کے لشکر کو شدید متزلزل کر دیا، جبکہ مسلمانوں کو کچھ بھی نقصان نہ پہنچا۔ مویر اعتراف کرتا ہے کہ ان حالات نے قریش کی صفوں کو درہم برہم کر دیا اور وہ منتشر ہوگئے۔
مویر اس فتح کی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہتا ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے اس کامیابی کو اپنے حق میں استعمال کیا اور اسے معجزے سے منسوب کرکے مدینہ میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم بنایا۔ اس کے مطابق بدر کے بعد محمد ﷺ کو مدینہ میں رفیع المرتبہ حیثیت حاصل ہوگئی، اور انہوں نے اس جنگ کو "غیبی مدد"کا نتیجہ قرار دے کر اپنے اثر و رسوخ کو کئی گنا بڑھا لیا۔
اس کے برعکس بعض دیگر مستشرقین بدر کے ماورائی پہلوؤں کو سرے سے رد کر تے ہیں کہ کسی نے بھی ان فرشتوں کو نہیں دیکھا جن کا محمد ذکر کرتا تھا، اور مزید یہ کہ مشرکین اس سے کہیں بڑی فتوحات حاصل کرچکے تھے۔
جان اسٹون اس ماجرا کو محض فطری عوامل کی تعبیر قرار دیتا ہے۔ اس کے مطابق نبی اکرم ﷺ نے ایک عام سے سرد دن کے طوفان کو اپنے پیروکاروں کے سامنے ایسے پیش کیا جیسے یہ فرشتوں کے پروں کی پھڑپھڑاہٹ سے اٹھا ہو۔ جارج بون بھی یہی تاثر دیتا ہے کہ محمد ﷺ ہر کامیابی کو "خدا کی مدد"سے منسوب کرتے اور زمینی و طبیعی اسباب کو نظرانداز کرتے تھے۔
یہ طرزِ فکر واضح کرتا ہے کہ مستشرقین کے لیے "ماورائی مدد"کا بیان ناقابلِ قبول تھا، اس لیے انہوں نے اسے یا تو "نفسیاتی حربہ" قرار دیا یا "قدرتی عوامل" سے تعبیر کر دیا۔
قیدیوں کے ساتھ نبی اکرم ﷺ کا رویہ:
مستشرقین نے اپنی تحریروں میں جنگ بدر کے قیدیوں کے ساتھ مسلمانوں کے سلوک کو بھی خاص توجہ دی ہے۔ ان کے مطابق یہ سلوک بیک وقت سختی اور نرمی دونوں پہلوؤں کا حامل تھا، مگر عمومی بیانیہ قیدیوں کے قتل اور "وحشیانہ" رویے پر مرکوز ہے۔
جارج بون کے مطابق قریش کے مقتولین کو برہنہ کرکے اجتماعی گڑھے میں پھینکا گیا اور دو قیدیوں کو قتل کیا گیا جبکہ باقی کو فدیہ کے عوض چھوڑ دیا گیا۔
اسٹوبارٹ لکھتا ہے کہ قیدیوں کو وہیں قتل کیا گیا۔ اس کے مطابق وہ "سکونِ خاطر"سے موت کے منہ میں گئے اور محمد ﷺ نے غروب آفتاب کے بعد قتلِ عام کا حکم دیا۔ دو دن بعد ایک اور قیدی قتل ہوا، اور اسی موقع پر خمس کا قانون جاری کیا گیا۔
ولیم مویر اس موضوع پر سب سے زیادہ تفصیل فراہم کرتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ بعض قیدی جنگ کے فوراً بعد بے رحمی سے قتل کیے گئے۔ اس کے مطابق بلالؓ نے ایک قیدی کے قتل پر زور دیا جبکہ عبدالرحمٰنؓ نے نرمی کی اپیل کی۔ مویر یہ بھی دعویٰ کرتا ہے کہ دو قیدی مسخ کیے گئے اور نضر بن حارث کے قتل کے اسباب کو نظرانداز کرتا ہے۔ مزید یہ کہ وہ محمد ﷺ کو "بے رحم فاتح" کے طور پر پیش کرتا ہے جس نے قیدیوں کے قتل کی خواہش ظاہر کی مگر ابوبکرؓ کی مداخلت سے نرمی اختیار کی گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ بعد میں نبی اکرم ﷺ کی قیدیوں کے ساتھ شفقت کو بھی تسلیم کرتا ہے، لیکن اسے "سیاسی حکمت" سے تعبیر کرتا ہے۔
اس کے برعکس ایڈتھ ہالینڈ مسلمانوں کے حسنِ سلوک کو مثبت زاویے سے دیکھتی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ کئی سال بعد ایک قیدی نے اس حسنِ سلوک پر شکر گزاری کا اظہار کیا اور اس طرح کا رویہ عرب میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔ ڈریکاٹ بھی مختصراً نرمی کا ذکر کرتا ہے مگر فوراً بعد محمد ﷺ کی حکومتی بصیرت کو موضوع بنا لیتا ہے۔
اسلامی مصادر ایک ایسا پہلو بھی اجاگر کرتے ہیں جسے مستشرقین نے تقریباً مکمل طور پر نظرانداز کیا ہے، اور وہ یہ کہ جن قیدیوں کو لکھنا پڑھنا آتا تھا ان پر یہ شرط عائد کی گئی کہ وہ مدینہ کے دس بچوں کو تعلیم دیں تو انہیں آزاد کر دیا جائے۔ اس واقعے کو واقدی اور ذھبی جیسے مؤرخین نے تفصیل سے بیان کیا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ نبی اکرم ﷺ کی حکمت عملی صرف جنگی نہیں بلکہ تعلیمی اور تہذیبی بنیادوں پر بھی معاشرہ سازی پر مرکوز تھی، لیکن مغربی مصنفین نے اسے یکسر نظرانداز کر دیا۔
الحاصل غزوۂ بدر اسلامی تاریخ میں ایک اہم ایسا سنگ میل ہے جس نے انسانی تاریخ کے دھارے کو بدل کر رکھ دیا۔ اس کے اسباب و عوامل کو مستشرقین اور ملحدین نے ہمیشہ اپنی مخصوص فکری عینک سے دیکھنے کی کوشش کی اور اسے نبی اکرم ﷺ کی شخصیت کو جنگجو اور متشدد ثابت کرنے کے لیے دلیل کے طور پر پیش کیا۔ تاہم اسلامی مصادر کی گہرائی میں جھانکنے سے یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ بدر کی اصل بنیاد ذاتی مفادات، لوٹ مار یا فتوحات کی ہوس نہیں بلکہ ایمان و یقین، حق و باطل کی کشمکش اور اخلاقی و روحانی برتری تھی۔
یہ جنگ اس بات کا اعلان تھی کہ اسلامی جہاد کسی قومیت یا طاقت کے اظہار کا نام نہیں بلکہ عدل، دفاع اور مظلوم کی نصرت کی اساس پر قائم ہے۔
لہٰذا، مستشرقین کی تعبیرات خواہ کتنی ہی باریک بینی سے پیش کی جائیں، وہ اس جنگ کے اصل مقصد کو مسخ نہیں کر سکتیں۔ غزوۂ بدر کی فتح اس بات کی شاہد ہے کہ نبی اکرم ﷺ کی قیادت تلوار کے زور سے نہیں بلکہ ایمان، توکل علی اللہ اور اعلیٰ اخلاقی اصولوں کی بنیاد پر کامیاب ہوئی۔ یہی وہ پہلو ہے جس نے نہ صرف عرب بلکہ پوری دنیا کو متاثر کیا اور اسلام کی عالمگیر دعوت کی راہیں ہموار کیں۔
