سیاسی و ثقافتی غلامی کا باہمی تعلق



 میں اپنی علمی اور تحقیقی زندگی میں ان تمام افراد کا تہہ دل سے  شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے سوچنے کے انداز کو متاثر کیا بلکہ کئی نئے راستے کھولنے میں میری رہنمائی کی۔ انہی میں سے ایک خاتون کا ذکر لازمی ہے، جن کی دلچسپی اور بصیرت نے مجھے مریم جمیلہ سے روشناس کرایا—ایک ایسی شخصیت جس کی زندگی اور قلم نے  اسلامی ثقافت اور تاریخ کے مطالعے میں معیار قائم کیا اور مغربی واسلامی فکر کو سمجھنے اور بیان کرنے کا ایک نیا زاویہ بھی فراہم کیا۔

مریم جمیلہ (23 مئی 1934 – 31 اکتوبر 2012) کا اصل نام مارگریٹ مارکس تھا اور وہ نیو یارک شہر میں ایک غیر متعصب یہودی خاندان میں پیدا ہوئیں۔ بچپن سے ہی وہ ذہنی اور سماجی طور پر اپنے ماحول سے ہم آہنگ نہیں تھیں۔ ان کی والدہ نے انہیں ذہین، حساس، اور انتہائی حساس مزاج کی حامل قرار دیا۔ اسکول کے زمانے سے ہی مارکس عرب اور ایشیائی ثقافت اور تاریخ کی طرف مائل تھیں اور اسرائیل کی حمایت کرنے والے ماحول کے باوجود فلسطینی عوام کے ساتھ ہمدردی رکھتی تھیں۔

مارگریٹ نے روچسٹر یونیورسٹی میں داخلہ لیا لیکن نفسیاتی مسائل کے باعث کلاسز شروع ہونے سے پہلے ہی واپس ہونا پڑا۔ بعد ازاں وہ نیو یارک یونیورسٹی گئیں جہاں انہوں نے یہودیت، اخلاقی ثقافت اور بہائی مذہب کا مطالعہ کیا، مگر انہیں یہ راستے اطمینان بخش نہیں لگے، خاص طور پر کیونکہ یہ صہیونیت کی حمایت کرتے تھے۔ 1953 میں ایک اور نفسیاتی بحران کے بعد انہوں نے اسلام کی جانب توجہ دی اور قرآن کا مطالعہ شروع کیا۔ محمد اسد کی کتاب The Road to Mecca نے بھی ان پر گہرا اثر ڈالا، جس میں اسد نے یہودیت سے اسلام کی جانب اپنے سفر کی داستان بیان کی تھی۔

1959 میں وہ  واپس آئیں اور مختلف اسلامی تنظیموں میں سرگرم ہو گئیں۔ اس دوران انہوں نے دنیا بھر کے مسلم رہنماؤں سے خط و کتابت کی، خاص طور پر مولانا ابو الاعلی مودودی، جو پاکستان میں جماعت اسلامی کے رہنما تھے، سے۔ آخرکار، 24 مئی 1961 کو اسلام قبول کر کے اپنا نام مریم جمیلہ رکھ لیں۔ 1962 میں انہوں نے پاکستان ہجرت کی اور مولانا مودودی کے گھر میں قیام پذیر ہوئیں۔1963 میں مریم جمیلہ نے محمد یوسف خان سے شادی کی، جو جماعت اسلامی کے رکن تھے، اور ان کے پانچ بچے ہوئے۔ انہوں نے اپنے قیام کے ابتدائی سالوں (1962–64) کو اپنی زندگی کے سب سے اہم اور تعلیمی دور کے طور پر دیکھا، جب انہوں نے ایک قدامت پسند مسلم خاتون اور مصنفہ کے طور پر اپنی زندگی کا آغاز کیا۔

مریم جمیلہ نے ایک کتاب لکھی جس کا نام انہوں نے  Islam and Modernismرکھا جس میں انہوں نے انتہائی اہم موضوعات پر بحث کی۔ انہی موضوعات میں ایک اہم مسئلہ سیاسی و ثقافتی غلامی کے باہمی تعلق کا بھی ہے جس پر مریم نے تفصیل سے کلام کیا کہ آج کے مسلم معاشروں میں سب سے بڑا خطرہ سیاسی یا عسکری غلامی نہیں بلکہ ثقافتی غلامی ہے۔سیاسی غلامی انسان کو جسمانی طور پر محدود کرتی ہے، لیکن ثقافتی غلامی اس کی روح، ذہن، اقدار اور تہذیب پر اثر انداز ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے یہ کہنا بجا ہوگا کہ سیاسی غلامی اور ثقافتی غلامی ایک دوسرے سے جُڑی ہوئی ہیں اور عملی طور پر انہیں الگ کرنا تقریباً ناممکن ہے۔
مریم نے گفتگو کے آغاز میں ابن خلدونؒ کے قول کو بطورِ مستدل پیش کیا کہ :

 شکست خوردہ قوم ہمیشہ فاتح قوم کی نقل کرتی ہے، چاہے وہ لباس ہو، رسم و رواج ہو، مذہب ہو یا دیگر عادات۔ انسانی نفسیات کا تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنی شکست کو اپنی کمزوری کی بجائے فاتح کی عظمت سے جوڑتا ہے۔ اگر یہ سوچ طویل عرصے تک قائم رہے، تو یہ ایک مضبوط عقیدہ میں بدل جاتی ہے جو فاتح کے تمام رویوں، خیالات اور اقدار کی تقلید پر مجبور کر دیتی ہے۔ آج کے پاکستان میں بھی یہ صورتحال برقرار ہے، جیسے اسپین کے مسلمانوں کے معاملے میں دیکھا گیا تھا، جو اپنے عیسائی ہمسایوں کی نقل کرتے ہوئے اپنے گھروں اور دکانوں کی دیواروں پر تصویریں اور مجسمے لگانے لگے تھے۔

لیکن مریم نے اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی کہ  ہماری مغربی تہذیب کی اندھی اور غیر تنقیدی تقلید خودبخود نہیں ہوئی۔ برطانوی حکمرانوں نے ابتدائی دنوں سے ہی ایک منصوبہ بندی کے تحت ہماری مقامی ثقافت اور طرزِ زندگی کے ہر پہلو کو ختم کرنے اور اپنی تہذیب نافذ کرنے کی سازش کی۔ تقریباً ایک صدی قبل، ڈاکٹر ولیم ہنٹر نے برطانوی حکومت کے لیے ایک رپورٹ تیار کی، جس میں مسلمانوں کی تعلیم اور رویوں کو بدل کر ان کی مزاحمت کی روح کو ختم کرنے اور انہیں غیر ملکی تسلط قبول کرنے پر مجبور کرنے کی تجاویز دی گئی تھیں۔ انہوں نے لکھا کہ نوجوان مسلم نسل کو انگریزی تعلیم دی جائے تاکہ ان کے مذہبی اعتقادات میں شدت کم ہو اور مغربی تہذیب کی جانب رجحان پیدا ہو۔ نتیجتاً برصغیر کے مسلمانوں نے وہی رویہ اپنانا شروع کیا جو کبھی سب سے متعصب قوم سمجھی جانے والی ہندو نسل نے اپنایا تھا۔

مریم لکھتی ہیں کہ:

لارڈ کرومر، جو مصر میں برطانوی سامراج کے ماسٹر مائنڈ تھے، اپنی کتاب Modern Egypt میں واضح کرتے ہیں کہ مصر میں اسلام سیاسی یا سماجی طور پر مردہ مذہب ہے اور اسے زندہ کرنا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق، برطانیہ کا اصل مقصد یہ تھا کہ مصر میں ایسی حکومت قائم کی جائے جو مغربی تہذیب کے اصولوں کے مطابق ہو اور کسی بھی طرح کی اسلامی یا مشرقی قدیم اقدار کو تقویت نہ دے۔ اس طرح نئی نسل مغربی تہذیب کے جذبے میں ڈھل جائے اور ملک پر مکمل کنٹرول ممکن ہو۔

ان کا بنیادی مقدمہ یہ ہے کہ ثقافتی غلامی کے ساتھ معاشی غلامی بھی جڑی ہوئی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری اور "معاشی ترقی" کے نام پر دی جانے والی امداد، سود کے ساتھ، ملک کو محتاج اور غلام بناتی ہے۔ اس کے نتیجے میں ہمارے شہروں میں جدید طرز کے عالیشان عمارات، لگژری ہوٹلز، نائٹ کلبز اور کیبریٹس تعمیر کیے جاتے ہیں، جبکہ فحاشی، جرائم، منشیات، اور غیر اخلاقی فلمیں معاشرت میں پھیلتی ہیں۔ خواتین کو گھر سے باہر نکل کر مارکیٹ میں کام کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے، جس سے خاندان اور معاشرتی اقدار متاثر ہوتی ہیں۔ یہ سب  ایک منصوبہ بند حکمت عملی ہے تاکہ مسلمانوں کو جسمانی، اخلاقی اور روحانی طور پر کمزور کیا جا سکے۔

یہاں پھر حقیقی آزادی کے حصول کا سوال اٹھتا ہے جس پر مریم نے لکھا کہ:

حقیقی آزادی حاصل کرنے کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ثقافتی غلامی کو سیاسی غلامی سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ اسلام دشمن اور مغربی طرزِ زندگی کے زیر اثر، مسلمان صرف اس وقت حقیقی آزادی حاصل کر سکتے ہیں جب وہ ثقافتی طور پر آزاد ہوں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم اسلامی احیاء کی تحریکوں کی مکمل حمایت کریں، شریعت کو ملکی قانون کے طور پر اپنائیں، میڈیا اور تعلیمی نظام پر کنٹرول حاصل کریں، عربی زبان کو قومی اور تعلیمی زبان بنائیں اور مغربی طرز کے خطوط اور نصاب کی اندھی تقلید سے بچیں۔ اقتصادی میدان میں ہمیں اپنی خود کفالت اور دیگر مسلم ممالک کے تعاون پر انحصار کرنا چاہیے اور غیر ملکی امداد سے بچنا چاہیے۔ علاوہ ازیں، عالمی سطح پر اسلامی نقطہ نظر سے مغربی فلسفہ، تاریخ اور علوم کا مطالعہ بھی لازمی ہے تاکہ مسلمانوں کی علمی قوت اور ثقافت کو فروغ مل سکے۔آخرکار، حقیقی آزادی تبھی ممکن ہے جب مسلمان سیاسی، ثقافتی اور معاشی طور پر آزاد ہوں۔ یہ صرف ایک نامی آزادی نہیں بلکہ اسلامی شناخت، ثقافت اور اقدار کی بحالی ہے جو ہمارے معاشرے کو مضبوط اور تابناک مستقبل کی طرف لے جا سکتی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی